کراچی: امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی

امریکی سفارت خانے کی گاڑی کی ٹکر، موٹر سائیکل سوار زخمی|humnews.pk

کراچی میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس گاڑی کو ایک خاتون چلا رہی تھیں جن کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس پی صدر ڈویژن عبداللہ احمد نے بتایا کہ  حادثہ امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے ہی پیش آیا۔ گاڑی میں سوار خاتون امریکی قونصلیٹ کی ملازمہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث پل اترتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر لگی جس کے باعث موٹر سائیکل سوار کے پیر میں معمولی چوٹ آئی تاہم گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ  جاوید اوڈھو نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے تاہم ابھی موٹر سائیکل سوار نے مقدمہ درج کرنے کی کوئی درخواست نہیں دی۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار خاتون امریکی قونصلیٹ کی افسر ہیں جو واقعہ کے بعد دوسری گاڑی میں سوار ہوکر قونصل خانے چلی گئیں۔

یہ  پہلا واقعہ نہیں کہ جب کسی امریکی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی شہری زخمی ہوا ہو۔ اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

رواں برس ماہ اپریل میں بھی اسلام آباد میں ایک امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زخمی ہوگیا تھا۔ یہ واقعہ دارالحکومت کے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو کے نزدیک پیش آیا تھا۔

اس سے قبل ماہ اپریل کے آغاز میں بھی اسلام آباد کے مارگلہ روڈ پر امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا کزن زخمی ہوگیا تھا۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں