اسلام آباد کے اتوار بازار میں پھر آگ بھڑک اٹھی


اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے پشاور موڑ کے اتوار بازار میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آگ کی نوعیت شدید ہے جس کے لیے فائر بریگیڈ کی نو گاڑیاں روانہ کی گئیں تاہم فائر بریگیڈ کے عملہ نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

انتضامیہ کا بتانا ہے کہ فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے دکاندار بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور سی ڈی اے کے ٹینکرز نے موقع پر بروقت پہنچ کر آگ کو پھیلنے سے روک دیا۔

آگ لگنے سے مجموعی طور پہ 15 دکانوں کا سامان جل کے راکھ ہو گیا ہے، متاثرہ دکانوں میں شاپنگ بیگ، ڈیکو ریشن پیسس اور پلاسٹک کی تھیلوں کی دکانیں شامل ہیں۔

بجلی کا مناسب انتظام نا ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن مشکلات کا شکار ہے، سرچ اور موبائل لائٹس کی مدد سے ریسکیو ٹیموں کا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد کے اتوار بازار میں آگ لگنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ کچھ عرصہ قبل بھی پشاور موڑ پر سیکٹر جی نائن میں واقع وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہفتہ وار بازار میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے 100 سے زائد اسٹال جل کر خاکستر ہو گئے تھے، فائربریگیڈ کی 22 اور پاک بحریہ کی دو گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تھا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر اتوار بازار راجہ عابد کا کہنا تھا کہ اتوار بازار میں کل 2750 اسٹال ہیں، آگ ای سیکشن میں لنڈے کے اسٹالوں میں لگی تھی جبکہ گزشتہ برس بھی 500 اسٹالز میں آگ لگ گئی تھی۔


متعلقہ خبریں