اے این پی کی جیت دشمنوں سے بہترین بدلہ ہے، ثمر بلور



اسلام آباد: زوجہ ہارون بلور ثمر بلور نے کہا  ہے کہ رہنما اے این پی شہید ہارون بلور کی جیت ان کے دشمنوں سے بدلے کے مترادف ہے۔

پروگرام ‘بڑی بات’ میں میزبان عادل شاہزیب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2018 کی انتخابی مہم کے دوران ہارون بلور کی شہادت نے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ باعث فخر ہے کہ شہید ہارون بلور کو ان انتخابات میں پارٹی کارکنان نے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا اور ووٹ دے کر فتح سے ہمکنار کیا۔

ہارون بلور کی نشست پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ  ہم اسمبلی جا کر بھی ہارون بلور کے مینڈیٹ پر ہی چلیں گے۔ اسمبلی میں ان کی جگہ لینے کو ہی  دشمنوں سے بہترین بدلہ سمجھتے ہیں۔

پروگرام میں موجود ماہر معاشیات فرخ سلیم نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوارمیں جو کرپشن ہوئی ہے اس کا نقصان غریب پاکستانی عوام کو ہی اٹھانا پڑے گا اوراب مہنگائی اور بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے قوانین سب ممالک کے لیے بالکل شفاف اور واضح ہیں جبکہ ہر ملک کے لیے رقم کا ایک مخصوص کوٹہ مختص ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ممبران ممالک میں سے اگر کسی ملک کو توازن ادائیگی کے ذخیرے میں کمی کا سامنا ہو تو اس کی مدد کرنا آئی ایم ایف کی ذمہ داری ہے۔

پروگرام میں شریک تجزیہ کار ایاز خان کا کہنا تھا کہ کئی حلقوں میں ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ووٹرز  نکلے ہی نہیں جس کی ایک وجہ عوام کا اعتماد اٹھ جانا ہے کیونکہ لوگوں نے کئی مرتبہ مختلف پارٹیاں چھوڑ کر اب پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو ووٹ دینا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ دراصل پی ٹی آئی اقتدار میں آکر عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے نہیں کرسکی اورضمنی انتخابات میں غیر متوقع نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔

پروگرام موجود جاوید سومرو نے منشا بم کی بڑی گرفتاری کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے مسلم لیگ ن کے گڑھ یعنی لاہور میں رہتے ہوئے بھی کبھی ن لیگ کو ووٹ نہیں دیا تاہم پہلے ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے رہا ہے۔


متعلقہ خبریں