منی لانڈرنگ کیس، جج کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی



کراچی: منی لانڈرنگ اسکینڈل کیس کی سماعت فاضل جج کی عدم دستیابی پر 13 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اسکینڈل کیس کی سماعت آج کراچی کی بینکنگ کورٹ میں ہونی تھی۔ جس کے لیے عدالت نے کیس میں نامزد تمام ملزمان کو آج عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے آج عدالت کو ملزمان سے تفتیش کی تفصیلات سے آگاہ کیا جانا تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور انور مجید کے تینوں صاحبزادوں سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہوکر اپنی حاضری لگائی۔

عدالت میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے عدالت کے اطراف چیکنگ بھی کی۔

بینکنگ کورٹ کے فاضل جج کی اسلام آباد میں جاری تین روزہ کانفرنس میں مصروفیت کے باعث سماعت ملتوی کر دی گئی۔

سابق صدر اصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید، حسین لوائی، غنی مجید، حسین لوتھا، اور ملک ریاض کے داماد زین ملک و دیگر کیس میں نامزد ہیں۔ ملزمان پر جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

جیل انتظامیہ کی طحہ رضا کی جیل سے باہر علاج کی درخواست پر آج فیصلہ سنایا جانا تھا جب کہ منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔ انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین،علی مجید اور ملک ریاض کے دامان زین ملک بھی عبوری ضمانت پر ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس میں انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحٰہ رضا گرفتار ہیں۔


متعلقہ خبریں