سعودی عرب نے صحافی کے قتل کے اعتراف کی تیاری کر لی


انقرہ: غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے صحافی جمال خشوگی کی دوران تفتیش ہلاک کے اعتراف کی تیاری کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب استنبول کے قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خشوگی کے دوران تفتیش کے اعتراف کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کر رہا ہے جس میں اعتراف کیا جائے گا کہ جمال خشوگی دوران تفتیش ہلاک ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رپورٹ میں کہا جائے گا کہ صحافی سے تفتیش اجازت لیے بغیر کی گئی اور اس سارے معاملے میں ملوث افراد کو صحافی کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رپورٹ ابھی تیار کی جارہی ہے اور ہو سکتا ہے کہ اس میں تبدیلی بھی کر دی جائے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے کالم نگار جمال خشوگی کو آخری مرتبہ دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں جاتے دیکھا گیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے تاہم اس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں جب کہ سعودی حکام کا کہنا تھا کہ جمال خشوگی اسی روز قونصل خانے سے چلے گئے تھے لیکن اُن کی واپسی کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔

جمال خشوگی کی منگیتر کا کہنا ہے کہ وہ قونصل خانے کے باہر اُن کا انتظار کرتی رہی لیکن وہ باہر نہیں آئے۔

اس سارے معاملے پر سعودی عرب اور مغربی ممالک کے درمیان صورتحال کشدہ ہے۔


متعلقہ خبریں