پاک آسٹریلیا دوسرا ٹیسٹ ، قومی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ


دبئی: پاکستان اور آسڑیلیا کے مابین جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ قومی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا اور پوری ٹیم صرف 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کے لیے میچ کا آغاز ہی اچھا نہیں رہا کیونکہ آدھی قومی ٹیم 100 کا ہندسہ عبور کرنے سے قبل ہی پویلین لوٹ گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور تینوں کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اظہرعلی 15 اور محمد حفیظ  دس گیندوں پر چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی اور فخر زمان کی جانب سے مجموعی طور پر 52 رنز کی شراکت داری قائم کی گئی۔ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ٹیم کو مشکل وقت میں سنبھالا اور 43 اوورز میں  ٹیم کا اسکور 150 تک پہنچا دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ  کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹیم کی جانب سے دو نئے کھلاڑیوں کو میچ میں شامل کیا گیا ہے ان فٹ امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض کو ڈراپ کر کے میر حمزہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دبئی میں جاری حالیہ ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 24 ویں سیریز ہے۔


متعلقہ خبریں