ترک تعاون سے تیار کردہ فلیٹ ٹینکر بحری بیڑے میں شامل

پاک بحریہ کے فلیٹ میں ترکی کے تعاون سے تیارکردہ فلیٹ ٹینکر کی شمولیت|humnews.pk

کراچی: ترکی کے تعاون سے تیار کردہ 1700 ٹن فلیٹ ٹینکر پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کردیا گیا۔

اس سلسلے میں پی این ایس معاون پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں ایک  تقریب منعقد کی گئی جس میں صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پرچیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بیش بہا بحری وسائل سے نوازا ہے اور ہم اس سیکٹر یعنی بلیو اکانومی کو فروغ دے کر ان وسائل سے بھر پور استفادہ کرسکتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بحری شعبے کی ترقی سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا۔

پی این ایس معاون کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز ہے جسے ترکی کی (M/s Savunma Teknologiler Muhendisilik STM) کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

یہ جہاز کئی مختلف قسم کے میری ٹائم آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جن میں سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو تیل اور دیگر فوجی سازو سامان کی فراہمی شامل ہے۔

جہاز پر دو ہیلی کاپٹر ز کی گنجائش موجودہے جبکہ جدید ترین طبی سہولتیں بھی موجود ہیں جس کی بدولت یہ جہاز کسی بھی قسم کی قدرتی آفات کے دوران سمندر میں محو سفر دوست ممالک کے بحری جہازوں کو فوری امداد بھی فراہم کرسکتا ہے۔

 

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے اور بحری شعبے کے فروغ کے لیے تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان میں اس جہاز کی تیاری پر وزارت برائے دفاعی پیداوار، پاکستان نیوی، M/s STM اور کراچی شپ یارڈ کو مبارک باد بھی پیش کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ بحری جنگی جہازوں کی تعمیر کے میدان میں خود انحصاری کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

تقریب میں وفاقی وزرا، سفیروں، نمایاں سول شخصیات اور فوجی حکام کے علاوہ ترک حکام بشمول جناب اسماعیل دیمیر، صدر ترک دفاعی صنعت جناب محسن دیر، نائب صدر برائے دفاع اور دیگر ترک حکام نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں