ن لیگی ارکان پر پابندی: ’اسپیکر نے پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کرائی‘


لاہور: پنجاب اسمبلی کے ن لیگی ارکان نے الزام لگایا ہے کہ اسپیکر اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے خود توڑ پھوڑ کروائی اور اپوزیشن ارکان کے داخلے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرکے بدلہ لینے کی کوشش کی ہے۔

ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا اسمبلی سیکرٹریٹ کی جاری کردہ ایک فوٹیج میں اسمبلی اسٹاف کی میز گری ہوئی جب کہ دوسری میں میز صحیح سلامت پڑی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اسپیکر نے توڑ پھوڑ خود کروا کر اپوزیشن ارکان سے بدلہ لینے کی کوشش کی ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے چھ لیگی اراکین کے خلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں وزیر خزانہ نے تقریر شروع کی تو اپوزیشن اراکین احتجاج کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے، شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے بعد اراکین میں ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔

اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر وزیرخزانہ کی طرف اچھال دیں۔ اس موقع پر حکومتی ارکان نے صوبائی وزیرخزانہ کو اپنے حصار میں لے لیا اورانہوں نے ہنگامہ آرائی کے دوران بھی اپنی تقریرجاری رکھی۔

شدید ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے اجلاس 19 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردیا۔

اپوزیشن کے ارکین نے اس صورتحال میں اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا اور میڈیا سے گفتگو میں بجٹ کو عوام دشمن بھی قرار دے دیا۔

اپوزیشن اراکین کی بد تمیزی پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے عظمٰی بخاری سمیت چھ لیگی اراکین کے ایوان میں داخلے پر پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں