عابد باکسر پانچ مقدمات میں بے قصور قرار



لاہور: لاہور کی مقامی عدالت نے پولیس افسر عابد باکسر کے خلاف تمام مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور کی مقامی عدالت میں سابق پولیس افسر عابد باکسر کے خلاف قتل اور فراڈ سمیت دس مقدمات کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے عابد باکسر کو پانچ مقدمات میں بے قصور قرار دے دیا۔

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ عابد باکسر کا فراڈ اور جعلی چیک کے مقدمات سے کوئی تعلق نہیں ہے جب کہ عابد باکسر کے خلاف دیگر پانچ مقدمات کی تفتیش ابھی جاری ہے۔

عابد باکسر نے بے قصور قرار دیے گئے مقدمات کی درخواست ضمانتیں واپس لے لی ہیں۔

لاہور کی مقامی عدالت کے جج نے عابد باکسر کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 29 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے جب کہ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عابد باکسر کو پنجاب میں مشکوک پولیس مقابلوں کا اہم کردار تسلیم کیا جاتا ہے اور اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے یہ جعلی پولیس مقابلے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کہنے پر کیے تھے۔

عابد باکسر کو اس وقت ذرائع ابلاغ میں شہرت ملی جب نرگس نامی اداکارہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اداکارہ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ پولیس افسر نے چاقو سے اس کے سر کے بال کاٹنے کے علاوہ بھنویں تک مونڈھ دی تھیں۔


متعلقہ خبریں