پاک بحریہ کے سربراہ سے ترک نائب وزیر دفاع کی ملاقات

پاک بحریہ کے سربراہ سے ترک نائب وزیر دفاع کی ملاقات | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ترکی کے نائب وزیر دفاع محسن دیری نے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران دو طرفہ دفاعی اشتراک کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو سامنے آنے والی اطلاع میں ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں پاک بحریہ میں شامل ہونے والا فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون اس اشتراک کی بہترین مثال ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ترک مشترکہ منصوبہ کے تحت 1700 ٹن وزنی فلیٹ ٹینکر حال ہی میں پاک بحریہ کے بیڑے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاک نیوی سینٹر ڈاکیارڈ میں منعقدہ پروقار تقریب کی صدارت صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کی تھی۔

پی این ایس معاون کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز ہے جسے ترکی کی (M/s Savunma Teknologiler Muhendisilik STM) کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

پاکستان نیوی کے مطابق یہ جہاز مختلف قسم کے میری ٹائم آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو تیل اور دیگر فوجی سازو سامان کی فراہمی ان آپریشنز میں شامل ہے۔

نئے شامل کیے گئے جہاز پر دو ہیلی کاپٹرز کی گنجائش موجود ہے جب کہ جدید ترین طبی سہولتیں بھی موجود ہیں، ان کی بدولت یہ جہاز حادثات یا قدرتی آفات کے دوران سمندر میں محو سفر بحری جہازوں کو فوری امداد بھی فراہم کر سکتا ہے۔

پاک نیوی سربراہ سے ترک نائب وزیر دفاع کی ملاقات

پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق نیول چیف ایڈ مرل ظفر محمود عباسی نے ملاقات کے دوران علاقائی امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

ملاقات کے دوران ترکی کے نائب وزیر دفاع نے علاقائی بحری امن کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔


متعلقہ خبریں