احتساب کا عمل نہ رکا ہے، نہ رکے گا: فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل جب بھی شروع ہو تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، یہ عمل نہ پہلے رکا ہے اور نہ ہم روک سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احتساب سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا گیا اور اسپیکر کی طرف سے ریمانڈ کے دوران شہباز شریف کو قومی اسمبلی اجلاس میں بلایا گیا ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت میں شروع نہیں ہوا، یہ عمل شروع ہو تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، جن لوگوں نے پاکستان کو اس حال تک پہنچایا ہے اُن کا احتساب کیوں نہ ہو، نہ تو احتساب کا عمل رکے گا اور نہ ہی جمہوریت کو کوئی خطرہ ہے۔

چوہدری فواد نے پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روزتوڑ پھوڑ کے معاملے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے مسلم لیگ (ن) کا چہرہ پنجاب اسمبلی میں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور ہم نے ان سب کو ٹھیک کرنا ہے ہم پاکستان کے عوام کو اعتماد میں لیں گے جب کہ ہم نے غریب لوگوں کے لیے صحت کارڈ اور ہاؤسنگ اسکیم شروع کر دی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اب تک اپنے منشور کے مطابق غریب لوگوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔


متعلقہ خبریں