برطانیہ کے کرنسی نوٹ پر مسلمان خاتون کی تصویر شائع ہوگی


لندن: برطانیہ 2020 میں پچاس پاؤنڈز مالیت کا جو کرنسی نوٹ جاری کرے گا وہ دو منفرد خصوصیت کا حامل ہوگا۔ اول وہ پلاسٹک کا ہوگا اور دوئم یہ کہ اس پر ایک مسلمان خاتون کی تصویر ہوگی۔ بینک آف انگلینڈ نے اس سلسلے میں ابھی سے تیاری شروع کردی ہے۔

العربیہ ڈاٹ کام کے مطابق جس مسلمان خاتون کی تصویر پلاسٹک کے نوٹ پر چھاپی جائے گی اس کا نام نورالنسا عنایت خان ہے لیکن برطانیہ میں اسے Nora Baker کے نام سے جانا اور پہچانا جاتا ہے۔ وہ برطانیہ کی پہلی مسلمان ’ہیرو‘ خاتون کا درجہ رکھتی ہے۔

نورالنسا عنایت خان کے والدین کا تعلق متحدہ ہندوستان سے تھا لیکن اس کی پیدائش روس میں ہوئی تھی۔ تاریخ میں درج ہے کہ 1914 کو پیدا ہونے والی نورالنسا کو دوسری جنگ عظیم کے دوران Dachau کے عسکری کیمپ میں  گولیاں مار کر ہمیشہ کے لیے موت کی نیند سلادیا گیا تھا۔

اس پر الزام تھا کہ جنگ عظیم دوئم کے دوران اس نے فرانس میں رہتے ہوئے برطانوی افواج کے لیے جاسوسی کی تھی۔ جرمنی اس وقت پیرس پر قابض تھا۔

کہا جاتا ہے کہ جرمنوں نے نورالنسا پر عسکری کیمپ میں تفتیش کے دوران بدترین تشدد کیا اور سخت ترین اذیتیں دیں لیکن اس نے اپنی زبان نہیں کھولی اور جان کی بازی ہار گئی۔

نورالنسا عنایت خان کو برطانوی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز George Cross سے بھی نوازا تھا۔


متعلقہ خبریں