ویژن مکمل کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، سلیم جھگڑا


اسلام آباد: وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمورسلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو پانچ سالہ مدت میں اپنے ویژن کو مکمل کرنا ہے تو ہمیں ابھی سے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہزیب سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بی آر ٹی منصوبے کو خود دیکھ رہی ہے۔

دوسری جانب پروگرام میں شریک مہمان اور حکومتی ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم کا یہ کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانے کے فائدے بھی ہیں اور نقصانات بھی۔ جن میں سے ایک مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا 12 ملین ڈالر کا خسارہ کم کرنے کا ہی ایک ذریعہ ہے کیونکہ معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا پروگرام میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات سے یہ معلوم ہوتا ہے جیسے شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار ہونے کا معاملہ ہو۔ نیب کے آئندہ کے فیصلوں کے بارے میں پہلے ہی پیش گوئیاں اور اعلانات جاری ہو رہے ہیں۔ جس سے صاف واضح ہے کہ نیب کا کردار غیر جانبدار نہیں ہے۔

رہنما پی ٹی آئی صداقت علی عباسی نے کہا کہ نیب چیئرمین کا وزیراعظم سے ملاقات کرنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔ بیشتر قوانین میں اصلاحات کرنے یا ملکی مفاد کے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے رہنماؤں میں ایسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔

صداقت علی عباسی کا مزید کہنا تھا کہ بھینسوں کو بیچ کر پیسے قومی خزانے میں جمع کرا دینے سے یا وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر پر سفر کر لینے سے کوئی ظلم نہیں ہوا جس کو میڈیا میں اتنا اچھالا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں