اسلام آباد: گولڑہ اور بھارہ کہو میں قبضہ مافیا کی فائرنگ


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون فور میں قبضہ مافیا نے انتظامیہ اور پولیس پر فائرنگ کردی۔ انتظامیہ اور پولیس قبرستان کی زمین وا گزارکرانے گئی تھی۔

قبضہ مافیا کے کارندوں نے تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں بھی تجاوزات کے خاتمے کے لیے آنے والی سرکاری ٹیم پر فائرنگ کی۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے احکامات پر مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق انتظامیہ اور پولیس پر کی جانے والی فائرنگ کا مقدمہ تھانہ گولڑہ اور تھانہ بھارہ کہومیں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سیکٹر ای الیون فور میں قبرستان کے لیے مختص سات کنال اراضی پر خرم اورزمان شیخ سمیت دیگر قابض ہیں۔

ہم نیوز کو پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ اے سی صدر کی نگرانی میں پولیس نے زمین واگزار کرنے کے لیے آپریشن کیا تھا۔

قبضہ مافیا کی جانب سے فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔


متعلقہ خبریں