دانش کنیریا نے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا


 

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا نے چھ سال کے مسلسل انکار کے بعد بلآخر فکسنگ اسکینڈل میں اپنے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے خود پر لگنے والے دونوں الزامات کو حقیقت قرار دے دیا۔

دانش کنیریا نے غیر ملکی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انہوں نے سابق ایسکس ٹیم کے ساتھی میروون کو میچ فکسنگ پر اکسایا تھا۔ انہوں نے سال 2012 میں انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنے اوپر لگنے والے دونوں الزامات کو قبول کر لیا۔

انگلش کرکٹ چیف نے میچ فکسنگ کے باعث دانش کنیریا کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی۔

لیگ اسپنر دانش کنیریا نے اپنی غلطی پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ جھوٹ کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتے اس لیے میں پاکستانی عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ دانش کنیریا نے میروون، ایسکس ٹیم کے ساتھیوں، ایسکس کرکٹ کلب سے بھی معافی مانگی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اور میں بھی کرکٹ کو کچھ دینا چاہتا ہوں۔ انگلش کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) مجھے ایک اور موقع دے تاکہ میں نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت دے سکوں اور انہیں بتاؤں کہ اگر وہ کچھ غلط کرتے ہیں تو میری طرح اُن کا کیریئر بھی ختم ہوجائے گا۔

دانش کنیریا نے کہا کہ وہ آئی سی سی یا انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام کو معاملے سے آگاہ نہ کرنے پر معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کی وجہ سے غلطی کا اعتراف نہیں کرسکے تھے جن کی صحت روز بروز خراب ہو رہی تھی اور 2013 میں کینسر کے باعث اُن کا انتقال ہو گیا۔

دانش نے کہا کہ میرے والد کو مجھ پر بڑا فخر تھا اور وہ مجھ پر ناز کرتے تھے اس لیے مجھ میں غلطی کو قبول کرنے کی ہمت نہیں تھی، میں اپنے والد سے بھی معافی مانگتا ہوں وہ میرے لیے رول ماڈل تھے۔

دانش کنیریا نے معاملے پر مڈل مین کا کردار ادا کرتے ہوئے ویسٹ فیلڈ کو بھٹ سے ملوایا تھا تاہم ناکافی شواہد کی وجہ سے کریمنل چارجز سے بچ گئے تھے۔ دانش کنیریا 261 ٹیسٹ وکٹ کے ساتھ پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر مانے جاتے تھے۔

دانش کنیریا کو 2009 میں ایک کاونٹی میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن پولیس نے ناکافی ثبوت ہونے کی بنا کر انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں