آفاق احمد نے ایم کیو ایم سے رابطوں کی تردید کردی

ایم کیو ایم میں رابطے، حریف حلیف بننے کی راہ پر | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: مہاجر قومی موومنٹ کے سابق چیئرمین آفاق احمد نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کے ڈپٹی کنوینئرعامرخان سے رابطوں کی تردید کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ایک حصے نے میرے خلاف خبر چلائی، میں صحافیوں سے رابطہ نہیں رکھ پاتا شاید اس لیے مجھے اس کی سزا دی گئی۔

آفاق احمد کا کہنا تھا میں نے مہاجر لفظ پر الطاف حسین سے مفاہمت نہیں کی تو عامر خان سے کیسے اتحاد ہو سکتا ہے۔ مہاجرقومی موومنٹ کے سابق چیئرمین نے کہا کہ یہ شہر ہمارا تھا، ہمارا ہے، ہم نے ہی بچانا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ عامر خان چھوٹے بھائی ہیں، مختلف تقریبات میں ملتے رہتے ہیں لیکن کبھی سیاست پر بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میرے اپنے نظریات ہیں میری اپنی سوچ ہے، میں اس شہر میں بالکل مفاہمت اور بھائی چارے کی فضا چاہتا ہوں۔ ہم اس شہر کے نام پر کوئی سیاسی مفاہمت تو کرسکتے ہیں لیکن پارٹی کے الحاق کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ہم نیوز کے مطابق عامرخان اور آفاق احمد میں تین روز قبل ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں آفاق احمد کے قریبی ساتھی نعیم حشمت اور رضا حسین بھی شامل تھے تاہم دونوں جانب سے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے ملاقات کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ ملاقات کے ایجنڈے میں صرف یہ بات شامل تھی کہ اب ایک ساتھ کیسے چلا جا سکتا ہے؟

یاد رہے کہ مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد انتخابات میں ناکامی کے بعد پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے تھے، اُن کے متعدد قریبی ساتھی ایم کیو ایم میں شامل ہو چکے ہیں۔

عام انتخابات سے قبل ایم کیو ایم پاکستان دو دھڑوں(پی آئی بی اور بہادر آباد) میں تقسیم ہوگئی تھی اور مہاجر قومی موومنٹ نے دونوں دھڑوں کو اپنے جلسے میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چارکنی وفد نے ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنماؤں اور پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک دوسرے سے رابطوں کا سلسلے جاری رکھا جائے گا اور شہر میں امن و امان کے فروغ کے لئے رابطوں کے سلسلے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔


معاونت
متعلقہ خبریں