عوام حکومت کو پانچ سال برداشت نہیں کریں گے، بلاول



کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے  عوام موجودہ حکومت کو پانچ سال برداشت نہیں کریں گے۔

سانحہ کارساز کی یادگار پر فاتحہ خوانی کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے معیشت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جس طریقے سے معیشت کو چلا رہے ہیں، عوام انہیں پانچ سال پورے نہیں کرنے دیں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات سے قبل گرفتاری سے شکوک و شبہات پیدا ہوئے اور ہر سطح پر اسے انتقامی کارروائی سمجھا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نہیں، یہ لوگ پاکستان تحریک انتقام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک کو شدید معاشی مشکلات کی جانب لےجایا جارہا ہے۔

پیپلزپارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج تک نہ ہمارے شہیدوں کو انصاف ملا اور نہ کسی اور کے، اس ملک میں دہشتگردی کا ایک بھی واقعہ نہیں جس کے ذمہ داران کو سامنے لایا گیا ہو۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے ہمارا سفر بہت لمبا ہے اور ہم عوام کو حقوق دلانے کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں