قائمہ کمیٹی کی پی ٹی اے سے موبائل فون رجسٹریشن روکنے کی سفارش


اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام سے موبائل فونز کی رجسٹریشن کے عمل کو روکنے کی سفارش کر دی ہے۔

پاکستان میں غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی رجسٹریشن کے معاملے پر قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی اے سے موبائل فونز کی رجسٹریشن کے عمل کو روکنے کی سفارش کی گئی ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز نے پی ٹی اے حکام سے موبائل رجسٹریشن کے حوالے سے تابڑ توڑ سوالات کیے جس پر پی ٹی اے حکام سینیٹرز کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب نہیں دے سکے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے پی ٹی اے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ خود عوام کو پریشان کر رہے ہیں کیونکہ ہم پڑھے لکھے لوگوں کو ایس ایم ایس سمجھ نہیں آرہا تو ان پڑھ لوگ کیسے سمجھیں گے۔

کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین کے ساتھ حکومتی اتحادی بھی پی ٹی اے حکام پر برس پڑے۔

قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پی ٹی اے حکام کو کہا ہے کہ جب تک وہ اس تمام معاملے پر مطمئن نہ ہوں اس وقت تک رجسٹریشن کے عمل کو روک دیا جائے۔


متعلقہ خبریں