افغان فورسز بھاری قیمت چکا رہی ہیں، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے صوبے قندھار میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان فورسز ملک میں قیام امن کے لیے بھاری قیمت چکا رہی ہیں۔

گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ خطے میں امن و ترقی کے لیے افغانستان میں امن کا قیام بہت ضروری ہے۔

قندھار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سخت مذمت کی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ افغانستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے بھی واضح کیا کہ خطے میں قیام امن کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ افغان سیکیورٹی فورسز بحالی امن میں کامیاب ہوں۔

ترجمان پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں افغان حکومت اور عوام کے ساھت ہیں۔

ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ افغان پارلیمانی انتخابات پرامن ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ امن و استحکام کے لیے جمہوریت ناگزیر ہے۔

افغانستان کے صوبے قندھار میں کیے جانے والے ایک حملے میں افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس اور پولیس کے صوبائی سربراہان ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق حملے میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر محفوظ رہے ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق حملہ آور باڈی گارڈ کے روپ میں تھا۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے سیکیورٹی افسران کے اجلاس سے باہر نکلتے ہی ان پر فائرنگ کردی۔


متعلقہ خبریں