کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن، کے ڈی اے آفیسر زخمی

کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مزاحمت سے کے ڈی اے آفیسر زخمی|humnews.pk

کراچی: سرجانی ٹاؤن میں تجاوازت کے خلاف آپریشن کے دوران مزاحمت پر کے ڈی اے  آفیسر زخمی ہوگیا۔

سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی جانب سے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر ایٹ میں سرکاری اراضی واگذار کرانے کے لیے آپریشن کیا گیا لیکن کے ڈی اے اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سیل کا عملہ جب وہاں پہنچا تو سرکاری مشینری اورعملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

قابضین نے کے ڈی آپریشن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید پتھراؤ کیا جس کی زد میں آکر کے ڈی اے کے آفیسر کمال شیخ زخمی ہوگئے جبکہ دوسری جانب کے ڈی اے افسران کی معاونت کے لیے ہمراہ آنے والی پولیس نے بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

سخت مزاحمت کے باعث کے ڈی اے حکام کو آپریشن کا دائرہ محدود کرنا پڑا اور محض ایک ہزار اسکوائر یارڈز کے ایک پلاٹ پرقائم تعمیرات ہی مسمار کی جاسکیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ سرجانی سیکٹر ایٹ میں ایک ہزاراسکوائر یارڈز کے 387 اور چارسو سے چھ سو اسکوائر یارڈز کے 448 پلاٹس پر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ رکھے ہیں جس پر کارروائی ہونا ابھی باقی ہے۔

حکام کے مطابق انہدامی کارروائی سپریم کورٹ کے حکم پر عمل میں لائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں