پاکستانی اور روسی فوج مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گی


اسلام آباد: پاکستان اور روس کے عسکری حکام و اہلکار مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ یہ مشقیں 21 اکتوبر سے چار نومبر کے درمیانی عرصے میں ’فرینڈ شپ 2018‘ کے نام سے منعقد ہوں گی۔

دونوں ممالک 17 – 2016 میں پہلی بار مشترکہ طور پر فوجی مشقوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ 21 اکتوبر سے شروع ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں میں روس کے 70 افسران و جوان شریک ہوں گے۔

مشترکہ فوجی مشقیں چراٹ میں پاکستان اسپیشل فورسز کے مرکز اور پنجاب میں کھاریاں کے قریب واقع انسداد دہشت گردی کے مرکز میں ہوں گی۔

تربیتی مشقوں میں حصہ لینے والے دونوں ممالک کے فوجی دستے پہاڑی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی اور مسلح گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق اپنے تجربات سے ایک دوسرے کو آگاہ کریں گے۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔

اگست 2018 میں پاکستان اور روس نے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت پاکستانی فوج کے اہلکار اب روس کے عسکری اداروں میں بھی تربیت حاصل کر سکیں گے۔


متعلقہ خبریں