پاکستان کا افغان طلبا کے لیے اسکالر شپ کا اعلان


اسلام آباد: حکومت پاکستان، افغانستان کے طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر اسکالرشپ دے گی۔ اس اسکالر شپ کے تحت 56 افغان طلبا پاکستان میں تعلیم حاصل کریں گے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق کابل میں گزشتہ روز پاکستانی سفیر زاہد نصر اللہ خان کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا جس میں اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا سمیت دیگر نے شرکت کی۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق حکومت پاکستان آنے والے پہلے بیج میں 20 طلبا شامل ہیں جو زراعت کے شعبے میں تعلیم حاصل کریں گے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے 20 طلبا کی اسکالرشپ افغانستان کی وزارت زراعت کے سپرد کی گئی تھی جس نے ازخود طلبا کو تلاش کرکے انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق پاکستان کے سفیر زاہد نصراللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر ہمسایہ ملک افغانستان سے اپنے تعلقات کونہایت اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ طلبا جدید تعلیم حاصل کرکے خوشحال افغانستان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔


متعلقہ خبریں