پیٹر سڈل کی باؤنسر، سرفراز احمد کی اسپتال سے واپسی


ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کے زخمی ہونے والے کپتان سرفراز احمد اسپتال سے واپس آگئے ہیں۔

گزشتہ روز سرفراز ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث سرفراز زخمی ہوگئے تھے اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا اور اسی وجہ سے وہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھے روز کے کھیل میں حصہ نہیں لے پائے۔

خبر رساں ادارے رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں سرفراز احمد نے 33 رنز بنا رکھے تھے کہ پیٹر سڈل کی ایک باؤنسر ان کے ہیلمٹ پر لگی۔

بظاہر اس وقت سرفراز کی انجری معمولی نوعیت کی محسوس ہورہی تھی۔ گیند لگنے کے باوجود سرفراز نے بیٹنگ جاری رکھی اور 123 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سرفراز کی جگہ اسد شفیق کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ وکٹ کیپنگ رضوان احمد کررہے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ بھی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اوپننگ بلے باز کو گھٹنے کی سرجری کروانا پڑے گی۔

عثمان خواجہ نے پہلے ٹیسٹ میں 141 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا تھا۔


متعلقہ خبریں