ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کا نیا نمبر ون بولر ڈھونڈ لیا

محمد عباس نے بین الاقوامی کرکٹرز کو گرویدہ بنا لیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرکے شائقین اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے محمد عباس کو مستقبل کا نمبرون ٹیسٹ بولر قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ محمد عباس میں انہیں مستقبل کا نمبر ون ٹیسٹ بولر نظر آرہا ہے۔

سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر محمد کیف نے بھی محمد عباس کو ایک  باصلاحیت بالر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ہمیشہ ایک زبردست  فاسٹ بولر ہوتا ہے، بے شک محمد عباس ایک بہت ہی باصلاحیت بولر نظرآرہے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ تجزیہ کار ساج صادق نے محمد عباس سے متعلق لکھا ہے کہ محمد عباس دبئی میں 9 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز جنید خان کے پاس تھا جس نے 2013 میں 151 رنز دے کر 8 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے حال ہی میں جاری کردہ رینکنگ میں محمدعباس کو 20 بہترین بالرز کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے 13 ویں نمبر پر رکھا ہے۔

محمد عباس نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 33 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جس کے سبب حریف ٹیم 145 اسکور پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز بھی محمد عباس نے سات گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کی تھیں اور گیارہ اوورز میں 26 رنز دیے تھے۔

فاسٹ بالر محمد عباس کی تباہ کن بالنگ نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔


متعلقہ خبریں