محمد عباس کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا کو سیریز میں بد ترین شکست

محمد عباس کی تباہ کن بولنگ، سیریز میں آسٹریلیا کو بد ترین شکست | urduhumnews.wpengine.com

ابوظہبی: فاسٹ بولر محمد عباس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 538 رنز کا تعقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پوری ٹیم 164 رنز ہی بنا سکی۔

دن کے آغاز پر ہی آسٹریلیا کی مزاحمت کی ساری امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے محمد عباس نے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر تباہ کردیا۔

محمد عباس نے ٹریوس ہیڈ (36)، مچل مارش (5)، ایرن فنچ (31) اور ٹم پین (0) کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عباس کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

گزشتہ روز دن کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے 400 رنز پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

پاکستان کی جانب سے تیسرے روز کھیل کا آغاز اظہرعلی اور حارث سہیل نے کیا۔ دوسری اننگز کے میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ 6، فخرزمان 66 اور حارث سہیل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم 145 رنز ہی بنا پائی۔

پہلی اننگز میں بھی محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ بلال آصف نے تین اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں