اپنی سالگرہ دھوم دھام سے مناتا ہوں، احد رضا میر 


1980ء کی دہائی میں سحر انگیز شخصیت کے مالک آصف رضا میر کی اداکاری کا چرچا تھا، لوگ ان کے ڈرامے دیکھنے کیلئے بے تاب رہا کرتے تھے۔ کچھ ایسی ہی صورتحال اس وقت ان کے صاحبزادے احد رضا میر کے ساتھ بھی ہے۔

ہم نیٹ ورک کے ڈرامے ’’یقین کا سفر‘‘ سے شہرت پانے والے احد رضا میر کو اداکاری کی صلاحیت ورثے میں ملی ہے۔ وہ مقبول ڈائریکٹر رضا میر کے پوتے اور اداکار آصف رضا میر کے صاحبزادے ہیں۔

14 سال کی عمر میں انہوں نے ہم نیٹ ورک کے ڈرامے ’’خاموشیاں‘‘ سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ وہ بیچلرز آف فائن آرٹ ان ڈرامہ اور بی بی اے ان آرٹس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کینیڈا کے میوزیکل کمپنیوں کے ساتھ منسلک رہے، انہیں کینیڈا کے میوزیکل تھیٹر کی جانب سے بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

جلد ہی منظر عام پر آنے والی فلم ’’پرواز ہے جنون ‘‘ میں اپنے والد کے ہمراہ اداکاری کرکے انہوں نے اپنی دیرینہ خواہش کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔
احد رضا میر 29 ستمبر 1993ء کو کراچی میں پید اہوئے۔ وہ صرف دو بھائی ہیں، بھائی ان سے چھوٹا ہے۔ انہیں اسکرپٹ رائٹنگ اور موسیقی کا بے حد شوق ہے۔ فن اداکاری میں وہ ہر طرح کے کردار کرنے کے خواہاں ہیں،انہیں لال رنگ پسند ہے۔

گلوکاروں میں عاطف اسلم، نصرت فتح علی خان، پاکستانی بینڈز پور اور رچ بوائے کو پسند کرتے ہیں۔اداکاروں میں انہیں آصف رضا میر کے علاوہ نعمان اعجاز، بابرہ شریف، نعمان اعجاز اور رنبیر کپور پسند ہیں۔وہ کتابیں پڑھنے کے شائق ہیں۔ پہلے شیکسپیئر کو بہت زیادہ پڑھا کرتے تھے، ’’میک بیتھ‘‘ ان کا سب سے پسندیدہ ڈرامہ ہے جو وہ کئی مرتبہ تھیٹر میں پرفارم بھی کرچکے ہیں۔ ان دنوں آپ انہیں آنگن میں سجل علی کے ہمراہ جلوہ گر دیکھ رہے ہیں۔

ایکٹنگ اسکول میں اپنے آپ کو بحیثیت اداکار منوانا احد رضا میر کی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ اپنی تھیٹر کمپنی کا قیام احد رضا میر کا خواب ہے۔ بہت اچھے گٹارسٹ ہیں اور نہایت مزے سے گانا گاتے ہیں۔ آئرن مین ان کے پسندیدہ ایکشن ہیرو ہیں۔

جاننے والوں کیلئے یقیناً یہ ایک حیرت انگیز بات ہوگی کہ احد رضا میر ایک کافی شاپ میں نوکری کرچکے ہیں اور احد رضا میر کو نہ صرف کھانے کا بلکہ کھانا پکانے کا بے حد شوق ہے جو وہ گاہے بگاہے پورا کرتے رہتے ہیں۔گزشتہ دنوں ہم نے انہیں کچھ خاص بات چیت کی جو پیش خدمت ہے۔

اپنی کمائی کہاں خرچ کرتے ہیں ؟
احد رضا میر: کھانے پینے اور الیکٹرانکس کی چیزیں خریدنے میں۔

پسندیدہ تہوار ؟
احد رضا میر: اپنی سالگرہ پسند ہے اور اسے دھوم دھام سے مناتا ہوں۔

بھوک میں کیا کھانا پسند کرتے ہیں ؟
احد رضا میر: اُس و قت تو جو مل جائے وہ کھالیتا ہوں۔

کون سے پاکستانی کھانے شوق سے کھاتے ہیں؟
احد رضا میر: میں جب کینیڈا میں ہوتا ہوں تو پاکستانی میٹھے بہت یاد آتے ہیں۔ اس لیے جب پاکستان میں ہوتا ہوں تو میٹھے کھاتا ہوں اور بوٹ بیسن کی ’’بلوچ‘‘ کی آئس کریم شوق سے کھاتا ہوں۔

کھانے کیلئے بہترین جگہ ڈائننگ ٹیبل ہے یا اپنا کمرہ ؟
احد رضا میر: ویسے تو ڈائننگ ٹیبل کیونکہ وہاں سب لوگ ہوتے ہیں لیکن کبھی کبھار اپنے کمرے میں بھی کھالیتا ہوں۔

وہ کھانا جو لگاتار کئی دن تک کھاسکتے ہیں؟
احد رضا میر: بھنڈی۔

ہاتھ سے کھانا پسند کرتے ہیں یا چھری اور کانٹوں سے ؟
احد رضا میر: اس بات کا انحصار تو کھانے پر ہے۔ روٹی سالن ہاتھ سے اور چاول وغیرہ کانٹے یا چمچے سے۔

دیسی کھانے پسند ہیں یا بددیسی؟
احد رضا میر: دونوں، میں سب کھالیتا ہوں۔ بہت سے پردیسی کھانے میں نے بطور خاص پکانے سیکھے ہیں۔

کون سے بددیسی کھانے پکالیتے ہیں؟
احد رضا میر: تھائی فوڈ۔

ناشتہ اور کھانا کس کے ہاتھ کا پسند ہے؟
احد رضا میر: اپنے ہاتھ کا۔

کھانے کی میز پر کیا چیز لازمی ہونی چاہئے؟
احد رضا میر: ساتھ کھانے والے ۔

کیا غصے میں کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں؟
احد رضا میر: نہیں بالکل نہیں بلکہ غصے میں زیادہ کھاتا ہوں۔

غصے آتا کس بات پر ہے؟
احد رضا میر: بدتمیزی پر۔

کھانا کھانے میں نخرے کرتے ہیں؟
احد رضا میر: بالکل بھی نہیں ۔

کس طرح کے کھانے پکانے کا شوق ہے؟
احد رضا میر: میں ہر طرح کے دیسی کھانے پکانے کا ماہر ہوں۔ پاکستان سے باہر تھا تو اپنے سارے کام خود ہی کرتا تھا۔

اسمارٹ رہنے کیلئے کیا کرتے ہیں؟
احد رضا میر: صحت بخش غذا کھاتا ہوں، باقاعدگی سے جم جاتا ہوں، ایکسرسائز کرتا ہوں اور پانی بہت زیادہ پیتا ہوں جبکہ تیزابی مشروبات سے گریز کرتا ہوں۔


متعلقہ خبریں