میانمار: پناہ گزین کیمپ میں آگ لگنے سے چھ افراد جاں بحق


رنگون: میانمارکی ریاست رخائن میں پناہ گزینوں کے کیمپ میں آگ لگنے سے تین چھوٹی بچیوں سمیت چھ روہنگیا مسلمان جاں بحق ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے میں آٹھ  سو سے زائد افراد بے گھر ہوئے جبکہ چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ جمعرات کی شب اس وقت پیش آیا جب رخائن کے ایک علاقے میں کھانا پکانے کے دوران برتن سے چنگاری  سے آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 15 ہاسٹلز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق  رخائن حکام نے بھی واقعہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے سے 800 کے لگ بھگ پناہ گزین متاثر ہوئے۔ واضح رہے یہ وہ افراد ہیں جو 2012 میں شروع ہونے والے مذہبی فسادات کے بعد سے یہاں مقیم ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کے متاثرہ کچھ  لوگ کیمپ میں موجود اپنے رشتے داروں کے ساتھ رہ رہے ہیں جبکہ  دیگر کو عارضی ٹینٹس میں منتقل کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ان فسادات کے بعد سے تقریبا ایک لاکھ سے زائد بے گھر افراد رخائن کے ایک علاقے میں موجود 12 مختلف کیمپوں میں پناہ گزین ہیں۔


متعلقہ خبریں