اپوزیشن حکومت کو مدت پوری نہیں کرنے دینا چاہتی، عرفان قادر


اسلام آباد: تجزیہ کارعرفان قادر نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کے اپوزیشن حکومت گرانے کی خواہاں ہے اورچاہتی ہے کہ حکومت مدت پوری نہ کرے۔

ہم نیوزکے پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کے دور میں ن لیگ نے اپوزیشن میں رہ کرحکومت پرکڑی تنقید کی جنگ جاری رکھی لیکن پیپلز پارٹی نے کسی طرح اپنی مدت پوری کر لی۔ اسی طرح ن لیگ کے دور میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک تمام سیاسی جماعتیں ملکی مفاد میں اقدامات نہیں کریں گی اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی سایست جاری رکھیں گی تو کبھی مستحکم حکومت نہیں بن سکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں جمہوریت قائم کرنے کے خواہاں ہیں لیکن یہ اس وقت ممکن ہے جب سب مل کر کام کریں اور ملکی مفاد کو ترجیحی دیں۔

پروگرام میں موجود تجزیہ کار ہما بقائی نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی میں نا تجربہ کاری واضح نظر آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تحریک انصاف کے لیے ایک اچھی چیز صرف عوام کی سپورٹ ہے لیکن حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر کرنی ہوگی ورنہ عوام ساتھ چھوڑ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات دوبارہ کرانے کی بات بہت آسانی سے کر لیتے ہیں لیکن جمہوریت صرف الیکشنز دوبارہ کرانے کا نام نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا کام ہے جس پر وقت اور پیسہ لگتا ہے اور ہم تو ویسے بھی بھیک مانگ کر الیکشنز کراتے ہیں۔

تجزیہ کار غلام مصطفیٰ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے حکومت تعریف کی مستحق ہے کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حکومتی امیدوار ضمنی الیکشن میں ہارے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے سے ہی علم تھا کہ عمران خان کو یہ حکومت بہت مہنگی پڑے گی کیونکہ ان کے لیے اپنی بنائی ہوئی پالیسییوں پر عمل درآمد کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ احتساب کا جو عمل ملک میں شروع ہو گیا ہے اب وہ حکومت کو گرانے سے رک نہیں سکتا۔


متعلقہ خبریں