امریکہ کا فلسطینی مہاجرین کی امداد روکنا افسوسناک، لودھی


نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں کی انسانی بنیادوں پرامداد کو سیاسی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔

اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ سے متعلق مباحثے میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے فلسطینی مہاجرین کی امداد روکنے کا اقدام افسوسناک ہے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے کئی علاقے پُرتشدد واقعات اورعدم استحکام کی لپیٹ میں ہیں، موجودہ حالات کو مدنظر رکھ کر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کا امکان اب پہلے سے بھی کہیں زیادہ دورہوچکا ہے۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں عالمی برادری کو فلسطین کے دو ریاستی فارمولے کے لیے آواز بلند رکھنے کے مطالبے پر زور دیا۔

انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں میں غزہ کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں پُرامن فلسطینی مظاہرین کا خون بہایا جاتا رہا ہے، مارچ سے لے کر اب تک اسرائیلی فوج کی جانب سے 200 سے زائد فلسطینوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔

ملیحہ لودھی نے اسرائیلی حکام کی ہٹ دھرمی کو بھی واضح کیا۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے اسرائیلی بستیوں کی غیرقانونی توسیع بلا روک ٹوک کی جا رہی ہے، مزید براں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق قراردادوں سے بھی انحراف کیا گیا ہے۔

اقوم متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور باہمی تعاون کی حوصلہ افزائی عالمی پلیٹ فارم پر کرتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں