افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل



کابل: افغانستان کے 34 میں سے 32 صوبوں میں پارلیمنٹری انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ لاکھوں افراد نے انتخابات میں حصہ لیا۔

پارلیمانی انتخابات میں 249 نشستوں کے لیے 2500 سے زائد امیدوار میدان میں اترے۔ اطلاعات کے مطابق ووٹ ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پر لوگوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

دوصوبوں میں دہشتگرد کارروائیوں کے سبب الیکشن مؤخر کیے گئے ہیں۔ جن صوبوں میں انتخابات ملتوی ہوئے ہیں ان میں ہلمند اور قندھار شامل ہیں۔

افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں صوبائی پولیس چیف جنرل عبد الرازق ایک حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے جس کے سبب پارلیمنٹری انتخابات ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کیے گئے ہیں۔

ہلمند میں ایک امیدوار کے انتخابی دفتر پر بم حملہ ہوا تھا جس میں امیدوار سمیت دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ ہلمند میں دوسرا حملہ صالح محمد اچکزئی کے انتخابی دفتر پر ہوا، جس میں امیدوار سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں شمال مشرقی صوبے تخار میں بھی ایک خاتون امیدوار کی انتخابی ریلی کے دوران بم دھماکے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو نشانہ بنائیں گے اور انتخابی مہم کے دوران ہونے والے حملوں میں 10 امیدوار ہلاک ہوئے ہیں۔

انتخابات سے ایک روز قبل بھی طالبان نے عوام کو تنبیہ کی تھی کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔

 


متعلقہ خبریں