گھر پر قبضہ، اداکارہ میرا نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا


لاہور: اداکارہ میرا نے گھر پر قبضے سے متعلق کیس میں اپنا جواب عدالت میں جمع کرا دیا جس کے بعد فریقین کے وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

اداکارہ میرا نے گھر پر قبضہ کرنے کے مقدمے کے حوالے سے سول کورٹ میں اپنا جواب جمع کرا دیا ہے۔ ادکارہ میرا نے اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کرایا۔

میرا نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈیفینس لاہور میں واقع گھر میرے نام پر ہے اور میں تسلیم کوثر نامی خاتون کو تمام رقم ادا کر چکی ہوں جب کہ تسلیم کوثر نے بلیک میل کرنے کے لیے عدالت میں کیس دائر کیا ہے۔

اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ گھر کے تمام کاغذات میرے نام پر ہیں اور قانون کے مطابق میں ہی اس کی مالکن ہوں۔ میں عدالت کو مکان کی ملکیت کے تمام ثبوت بھی فراہم کر دوں گی۔

میرا نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت گھر پر قبضہ کرنے کی درخواست کو مسترد کرے۔

عدالت نے میرا کے جواب جمع کرانے کے بعد فریقین کے وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا ہے۔

گھر پر قبضہ کرنے سے متعلق تسلیم کوثر نامی خاتون نے میرا کے خلاف کیس دائر کررکھا ہے۔

اُن کا مؤقف ہے کہ اداکارہ میرا نے دھوکا دہی سے ڈیفنس میں واقع گھر اپنے نام کرایا ہے اور اب وہ نہ تو گھر کی قیمت ادا کر رہی ہیں اور نہ ہی گھر خالی کر رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں