آسٹریلیا کیخلاف شاندار بولنگ، عباس کا وطن واپسی پر شاندار استقبال


سیالکوٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے فاسٹ بولرمحمد عباس ایمریٹس ائیرلائن کی پرواز ای کے 620 سے سیالکوٹ پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

محمد عباس نے دبئی ٹیسٹ میں ایک ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر کی سیالکوٹ آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا اللہ پاک پر یقین تھا کہ ایک دن مجھے کامیابی سے نوازے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہرمیچ میں شدید محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔

عباس نے کہا کہ وہ سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال سے پہلے ٹیسٹ کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے علاقے میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کام کریں گے۔

محمد عباس نے کہا کہ مجھے یہ کبھی بتانے میں شرم محسوس نہیں ہوئی کہ میں نے ویلڈنگ اور چمڑے کا کام کرتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کے بعد مزید ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیٹی کی برتھ ڈے پر سیریز کی کامیابی اس کے نام کی ہے۔

 


متعلقہ خبریں