سندھ میں صارف عدالتوں کیلئے بجٹ کی سمری ارسال


کراچی: سندھ میں صارف عدالتوں کے بجٹ کی منظوری کے لیے سمری وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھجوادی گئی ہے۔ سمری میں 23 عدالتوں کے لیے بجٹ منظور کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

سمری میں پانچ عدالتوں کیلئے بجٹ 47.6 کروڑ اور باقی 18 عدالتوں کیلئے 158.3 کروڑ روپے کی گرانٹ کی درخواست دی گئی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، بے نظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں نئی صارف عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ  فنڈز جاری کرے گا۔

ہائی کورٹ کے حکم پر سندھ اسمبلی نے 21 فروری 2015 کو صارف تحفظ قانون کی منظوری دی تھی۔

قانون کے تحت کسی کمپنی کی مصنوعات کے معیار سے متعلق شکایت کی صورت میں صارف اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ عدالت سے تحریری طور پر رجوع کر سکتا ہے۔ اشیاء کی مقررہ قیمتیں اور ان کے معیار کو بھی عدالتوں میں چیلینج کیا جاسکتا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ صوبے میں ضلعی اور سیشن عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔

 


متعلقہ خبریں