زمین اور پانی پر اترنے کی صلاحیت رکھنے والا طیارہ تیار


بیجنگ: چین کی جانب سے زمین اور پانی پر لینڈنگ کرنے والا اے جی 600 ائیر کرافٹ طیارہ تیار کر لیا گیا۔

چین کے فضائی ماہرین کی موجودگی میں سمندر کے جنوبی حصے میں ائیر کرافٹ اے جی 600 نے ہفتے کی صبح کامیاب اڑان بھری اور کچھ دیر بعد پانی کی سطح پر اپنی لینڈنگ کا تجربہ بھی کامیابی سے مکمل کیا۔

طیارہ بنانے والی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں جہاز کی اڑان کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اے جی 600 ائیر کرافٹ نے صبح 8:51 پر پرواز بھری اور 9:05 پر پانی پر پہلی کامیاب لینڈنگ کی۔

اے جی 600 طیارے نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنی کامیاب زمین پر لینڈنگ کا تجربہ مکمل کیا تھا۔

جہاز کے چیف ڈیزائنر نے چین کے نجی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پانی کی کثافت ہوا کی کثافت سے 800 گنا زیادہ ہوتی ہے اس لیے پانی پر جہازکی لینڈنگ زمینی لینڈنگ سے کئی گنا زیادہ مشکل عمل ہے۔

طیارے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے چیف ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ  طیارے کو زمین اور پانی پر اتارنے کے لئے ایک ہی رفتار سے نیچے پہنچانا پڑتا ہے لہذا اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے جہاز میں موجود ڈریگ سسٹم کو اچھی طرح سے ڈیزائن  کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا بھی خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ لینڈنگ کے دوران پانی میں اٹھنے والی لہریں جہاز کے انجن کو نقصان نہ پہنچائیں۔

چیف ڈیزائنر نے چین کے اخبارسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے جی ائیر کرافٹ دو میٹر تک بلند پونے والی پانی کی لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے پانی میں لینڈنگ کی اہلیت رکھتا ہے۔

ہوانگ لنگ سائی کا کہنا ہے کہ اے جی 600 خصوصی طور پر بحری ریسکیو آپریشن میں کردار ادا کرنے اور جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے جیسے مسائل میں استعمال کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

گلوبل ٹائمز کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے طیارے کے چیف ڈایزئنر نے بتایا کہ اے جی 600 دوردراز مقام پر پہنچ کر اپنا آپریشن جاری رکھ سکتا ہے، اس کے علاوہ یہ ہیلی کاپٹر سے زیادہ تیزرفتاری سے  سفر کرنے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔

طیارے میں کسی آفت کی صورت میں بیک وقت 50 لوگوں کو ریسکیو کر کے محفطوظ مقام پر پہنچایا جا سکتا ہے اسکے علاوہ یہ طیارہ 12 ٹن پانی بھی ذخیرہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

چینی حکام کے مطابق طیارہ بنانے والی کمپنی اے جی 600 کو 2022 تک مارکیٹ میں باقاعدہ طور پر پیش کر دے گی۔


متعلقہ خبریں