افغان انتخابات: دہشتگرد حملوں میں 28 افراد ہلاک

کابل میں 3 پولنگ اسٹیشنز دھماکے | urduhumnews.wpengine.com

کابل: افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے دوران دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں 28 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 17 شہری، دس پولیس افسر اور ایک فوجی افسر شامل ہیں۔

دہشت گردی کی ایک کارروائی شمالی کابل کے اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوئی جہاں بم دھماکے کی زد میں آ کر چار افراد زخمی ہوئے۔

افغان صوبے غور میں بھی شدت پسندوں نے پولنگ اسٹیشن جاتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا ہے جس میں چار اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔

افغان وازرت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ 32 صوبوں میں4900 پولنگ سینٹر اور 20 ہزارپولنگ اسٹیشن قائم تھے جن کی حفاظت کے لیے 70 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے۔

افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے 32 اضلاع میں پولنگ ہوئی۔ پارلیمانی انتخابات میں 249 نشستوں کے لیے 2500 سے زائد امیدوار میدان میں تھے۔

دوصوبوں میں دہشتگرد کارروائیوں کے سبب الیکشن مؤخر کیے گئے ہیں۔ جن صوبوں میں انتخابات ملتوی ہوئے ہیں ان میں ہلمند اور قندھار شامل ہیں۔

طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو نشانہ بنائیں گے، انہوں نے اپنی دھمکی پر عمل کرتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران دس امیدواروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

انتخابات سے ایک روز قبل طالبان نے عوام کو تنبیہ کی تھی کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔


متعلقہ خبریں