امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے اپنی منگنی کی تصدیق کر دی


نیویارک: ہالی وڈ کی نامور اداکارہ اور گلوکارہ لیڈی گاگا نے ہالی وڈ ایجنٹ کرسٹیئن کرینو کے ساتھ منگنی کی خبروں کی تصدیق کر دی۔

ہالی وڈ میں 25ویں سالانہ ایلی وومن کی تقریب کے دوران تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کرسٹیئن کرینو کا تعارف اپنے منگیتر کے طور پر کرایا۔

ایوارڈ لینے کے بعد اپنی تقریر میں انہوں نے ایسے افراد کا ذکر کیا جو ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں، اس دوران انھوں نے کرسٹیئن کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ان کے فلمی کیرئر میں ساتھ دینے پر وہ اپنے منگیتر کی شکرگزار ہیں۔

واضح رہے کہ لیڈی گاگا اور کرسٹیئن کرینوکے مابین گزشتہ سال جنوری میں دوستی کا آغاز ہوا تھا جس کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں کی منگنی کی افواہیں میڈیا پر آنا شروع ہو گئی تھیں تاہم دونوں نے اپنے رشتے کے حوالے سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی تھی۔

لیڈی گاگا اور کرسٹئین کی منگنی کی خبروں کو مزید تقویت تب ملی جب انہوں نے اپنے ہاتھ میں گلابی رنگ کی ہیرا جڑی انگوٹھی پہننا شروع کی، ایک اندازے کے مطابق لیڈی گاگا کے ہاتھ میں موجود اس انگوٹھی کی قمیت تقریبا ایک ملین ڈالر ہے۔

اگست 2017 میں ایک تقریب کے دوران لیڈی گاگا نے کرسٹئین اور اپنے رشتے کو لے کر پہلی بار کھلے عام سنجیدگی کا اظہار کیا تھا، دونوں اپنی محبت کا اظہار سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی کرتے رہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں کی شادی کے حوالے سے ابھی تک کوئی تاریخ منظرعام پر نہیں آئی ہے۔


متعلقہ خبریں