فخر ہے کہ منفی کردار نے بے پناہ شہرت دی، نوین وقار


کراچی: اداکارہ و ماڈل نوین وقار نے کہا ہےکہ وہ بطور اداکارہ اور ماڈل اپنا کیرئیر جاری رکھیں گی اور ریڈیو سے بھی وابستگی برقرار رکھیں گی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’کور پیج‘ میں میزبان ایشا نورنے جب اداکارہ سے دریافت کیا کہ اگر انھیں اداکاری، ماڈلنگ اور ریڈیو جاکی میں سے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو وہ کس کو چنیں گی؟ تو نوین وقار نے کہا کہ وہ اداکاری  اور ریڈیو سے اپنی وابستگی برقرار رکھیں گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ بطور اداکارہ اپنے منفی کرداروں کی وجہ سے زیادہ جانی و پہچانی جاتی ہیں تو اس پر وہ کیا کہیں گی؟ تو انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اپنی زندگی کا پہلا کردار ہی منفی ادا کیا جس نے بے پناہ شہرت دی۔

نوین وقار کا کہنا تھا کہ ’ہم سفر‘ اس لیے بطورخاص اہمیت کا حامل ہے کہ اسی سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ ہم سفر سے جڑی یادوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈائریکٹر اچھا ہو تو کچھ بھی کرنا مشکل نہیں ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں وہ ڈائریکشن اور پروڈکشن کی طرف بھی آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سالگرہ گھروالوں کے ساتھ منانے والی نوین وقار کا کہنا تھا کہ حالیہ ڈراموں میں ’ان کو کچھ نہ کہو‘ زیادہ پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ منفرد کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ فلم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایکشن فلم کرنا وہ پسند کریں گی۔

نوین وقار نے ایشا نور کو بتایا کہ فرصت میں وہ اپنے کتے کے ساتھ کھیلتی ہیں، کتب پڑھتی ہیں اور یا پھر فلمیں دیکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پران کو ڈراؤنی کہانیاں پسند ہیں۔ گلوکاروں میں پاکستانی بینڈ اسٹرنگز اور  گلوکارعلی عظمت پسند ہیں۔ غیر ملکی فنکاروں میں انھیں جیمز آرتھر پسند ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ ان کی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ کون سا ہے؟ تو نوین وقار کا کہنا تھا کہ اپنے گھر والوں کے ساتھ بیتائے ہوئے تمام لمحات ان کے لیے یادگار ہیں۔ ان کا کہنا تھا اگر ان پر کوئی ہیش ٹیگ بنایا جائے تو وہ ہو گا ’نوین ڈز لائف‘۔

پروگرام ’کورپیج‘ میں ان کا کہنا تھا کہ ان کو اپنے گھر والوں اور دوستوں کے علاوہ کسی اورکے ساتھ کھانا، کھانا پسند نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کپڑوں میں ان کو دیسی اور ویسٹرن دونوں ہی پسند ہیں لیکن جوتوں میں ہیلز پسند کرتی ہیں۔

اداکارہارون شاہد کے بارے میں ان کا کہناتھا کہ وہ اپنے کام میں ماہر ہیں۔ اداکار فواد خان کے لیے ان کا مشورہ تھا کہ انہیں کوئی منفی کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کے متعلق نوین وقار نے امید ظاہر کی کہ  وہ اپنے کیے ہوئےسارے وعدے پورے کریں گے۔


متعلقہ خبریں