وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو حتمی شکل دے دی گئی


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دو روزہ دورہ سعودی عرب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ جانے والے وفد میں تین وفاقی وزرا اور دو مشیران شامل ہوں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان ’مستقبل کے سرمایہ کاری مواقع‘ عنوان کے تحت 22 سے 23 اکتوبر2018 کے دوران سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

انتہائی ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ہوں گے۔

سعودی عرب کے دورے میں وزیراعظم عمران خان کو مشیر تجارت عبدالرازق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اورسیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی بھی معاونت حاصل ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق کانفرنس میں پاکستانی وفد زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، معدنیات، گوادرپورٹ اور سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہی فراہم کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا سرکاری دورہ کرچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ سعودی عرب کے دوسرے دورے سے واپسی پر چین کا پہلا سرکاری دورہ بحیثیت وزیراعظم پاکستان کریں گے۔


متعلقہ خبریں