نیا پاکستان عوام کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، بلاول

نیا پاکستان عوام کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، بلاول

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے سوا حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آ رہی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا ایک طوفان آ گیا ہے جس سے عوام کا جینا اجیرن ہو گیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس نئے پاکستان کی عمران خان نے بات کی تھی وہ عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، حکومت نے 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب غریبوں کے سر سے چھت چھین رہی ہے۔

اپنے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 148 ڈالر فی بیرل تھی لیکن عوام پر اس کا بوجھ نہیں ڈالا گیا، موجودہ حکومت عوام کی جیب پر ڈاکہ مار رہی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جی ڈی پی کی شرح نمو چار فیصد تک رہنے کا امکان ہے اس کے برعکس مہنگائی 14 فیصد تک جا سکتی ہے، معاشی پالیسیوں میں بہتری نہ لائی گئی تو عام آدمی کے لیے ایک وقت کی روٹی بھی مشکل ہو جائے گی۔


متعلقہ خبریں