خاشقجی کا ماورائےعدالت قتل ناقابل قبول ہے، ٹرمپ

خاشقجی کا ماورائےعدالت قتل ناقابل قبول ہے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے ساتھ جو ہوا وہ ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے خاشقجی کی موت کی تصدیق ایک مثبت عمل ہے لیکن ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ناقبل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا اتحادی ہے لیکن اس طرح کے ماورائے عدالت قتل برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ایک خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب  نے دو ہفتوں کی تردید کے بعد آج صبح  صحافی کی موت کی تّصدیق کردی اور کہا کہ خاشقجی استنبول کے سعودی قونصلیٹ میں جھگڑے کے دوران مارے گئے۔

اپنے بیان میں سعودی حکومت نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت نے دو سینئیر اہلکاروں کو برطرف کر دیا ہے۔

امریکی صدر نے سعودی عرب کی وضاحت قابل اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر تحقیقات مکمل ہونے تک حتمی رائے دینا قبل از وقت ہو گا۔

انہوں نے کہا مجھے نہیں لگتا سعودی حکومت اس معاملے میں غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، ہم اس معاملے میں ان سے جواب طلبی کریں گے اور اس معاملے پر ایوان کے ساتھ مل کر کارروائی کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنے فیصلے کا اعلان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بات چیت کے بعد کرے گا۔

جمعہ کے روز وائٹ ہاوس  کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل پر انصاف ملنے تک دباؤ جاری رکھیں گے۔

بیان میں جمال خاشقجی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے اور ان کے خاندان سے تعزیت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں