10 کی روٹی، 15کا نان- یہ ہے نیا پاکستان، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


سکھر:  پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس کی روٹی اور 15 روپے کا نان- یہ ہے نیا پاکستان۔ انہوں نے ارباب اقتدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا چولھا ٹھنڈا کر رہے ہو۔

سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے کے لیے مقامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس مہنگائی کے باوجود ہم چاہتے ہیں حکومت چلے اور نظام برقرار رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ کوئی ایسا قدم اٹھائے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی ہے کہ سیاسی کارکن ناپید ہوگئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی کارکنوں کو رشوت خور بنِا یا جارہا ہے اور نام نہاد لیڈروں کے جلسوں میں صرف ڈانس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کہتے تھے کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے کی بات کرتے تھے مگر ہم قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں وہ پاکستان چاہیے جس میں لیاقت علی خان اورذوالفقارعلی بھٹو نے قربانیاں دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں رنگیلے والا پاکستان نہیں چاہیے۔

پی پی پی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ مزید تین سال مہنگائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولتے تھے کہ آئی ایم ایف نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیڈر کو اپنے بیانات پر کنٹرول نہیں ہے اس لیا نام ’یو ٹرن خان‘ لگ گیا ہے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ادارے اپنا اپنا کام کریں، عدالت اور پارلیمنٹ اپنا کام کریں لیکن میڈیا بھی اسی ملک کا حصہ ہے مگر اس کو کام کرنے نہیں دیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے احترام کی باتیں کی جاتی ہیں مگر عدالتی آزادی کے لیے پیپلز پارٹی ہی نے بے پناہ  قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوڑے کھائے اورجیلیں کاٹیں اور وہ بھی صرف اس لیے کہ آنے والے نسلوں کو پرسکون جمہوریت ملے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ایک جماعت نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا تو ہم اس جماعت کے فیصلے سے خوش ہوئے مگر جب لاک ڈاؤن ہوا تو کچھ ہی کارکن پہنچے۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ اس جماعت کا لیڈر کنٹینر پہ کھڑے ہو کر ڈنڈ ماررہا تھا اور نیچے کارکنان لاٹھیاں کھارہے تھے۔

پی پی پی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر جمہوریت کی تاریخ میں بہت بڑا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے سلسلے میں کبھی کوئی بات ہوگی تو اٹھارہ اکتوبر کو یاد رکھا جائے گا۔

پی پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کی حاکمیت اور عوام کی رائے کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید سے لے کر آج تک قربانیاں دیتے آرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں