آزاد کشمیر:ایل اے 18 پونچھ میں ضمنی انتخاب، پولنگ جاری


مظفر آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقے ایل اے 18 پونچھ سدھنوتی ٹو میں ضمنی انتخاب آج ہو رہا ہے۔

ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہونے کے بعد شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جب کہ اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار سوار خان، پیپلزپارٹی کے امیدوار سابق اسپیکر اسمبلی سردار غلام صادق اور مسلم لیگ نون کے امیدوار عامر الطاف کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر سردار کاشان مسعود امیدوار ہیں۔

حلقہ ایل اے 18 پونچھ سدھنوتی ٹو میں ووٹرز کی کل تعداد 75 ہزار 202 ہے جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 33 ہزار 544 اور مرد ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 658 ہے۔

حلقے میں پولنگ کے لیے 131 پولنگ اسٹیشنز اور 246 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جب کہ 28 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اور 37 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں رینجرز کے 492 جب کہ پولیس کے سات سو سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز سے چار سو گز کی حدود میں کسی ووٹرز کو کوئی بھی ترغیب دینے پر پابندی ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے آنے والے ووٹرز کے لیے شناختی کارڈ ہمراہ لانا لازمی ہے۔

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 18 پونچھ ٹو کی نشست خان بہادر خان کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی اور عبوری آئین کے آرٹیکل 25 کے مطابق 60 روز میں انتخاب کرانا لازم ہے۔


متعلقہ خبریں