کوئی بھی غفلت یا لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی، آئی جی سندھ


کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات میں کوئی بھی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔ پولیس افسران ضمنی انتخاب کے موقع پر مکمل طور پر ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کرائیں اور پولنگ کے مجموعی عمل کو شفاف اور غیر جانبدارانہ بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے پولیس افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی جائیں اور فول پروف سیکیورٹی حکمت عملی اورلائحہ عمل کے تحت شہریوں اور امیدواران کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ کے آغاز سے اختتام تک متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور متعلقہ علاقوں کے ایس ایس پی سیکیورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے اطراف کے علاقوں میں ناکہ بندی، سرچنگ اور اسنیپ چیکنگ سمیت انٹیلیجینس اقدامات کو مؤثر و مربوط بنایا جائے جب کہ وائرلیس کنٹرول رومز اسٹاف اپنی تمام تر ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں، اسی طرح خفیہ اطلاعات کی بروقت شیئرنگ اور فالوکرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے حکومت سندھ کی جانب سے ضمنی انتخاب کے روزعائد دفعہ 144 پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام کو پولیس کے ساتھ اپنے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔


متعلقہ خبریں