آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، محمد عباس ٹاپ تھری میں شامل


دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستانی باؤلر محمد عباس تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ کھلاڑی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کر کے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔

محمد عباس تیز ترین 50 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی پلئیرز میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ ایک ہی ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں چوتھا نمبر بھی اپنے نام کیا۔

محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی حالیہ سیریز میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کینگروز کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں  538 رنز کا تعاقت کرتی آسٹریلوی ٹیم 164 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

پاکستان کے خلاف کھیلتی کینگروز کی ٹیم قومی بالز کے سامنے مزاحمت نہ کر سکی، محمد عباس نے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو دھول چاٹنے پر مجبور کیا اور جیت کی جانب راہ ہموار کی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی۔

دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی محمد عباس نے دونوں اننگز میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی جانب سے کھیلنے والے محمد عباس نے قائد اعظم ٹرافی 2015-16 کے دوران ٹورنامنٹ کے لیڈنگ وکٹ ٹیکر کا اعزاز اپنے نام کیا۔

محمد عباس نے ٹورنامنٹ کے دوران 61 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اپریل 2017 میں محمد عباس کو ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا، سبینہ پارک میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں محمد عباس نے اپنے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر کریگ بریتھویٹ کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔

انہوں نے اپنی پہلی پانچ وکٹیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی حاصل کیں۔

مئی اور جون 2018 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں انہوں نے دس وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اگست 2018 میں محمد عباس کا نام پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کی فہرست میں شامل کیا گیا۔


متعلقہ خبریں