ای سی ایل میں تبدیلیوں کے لیے سفارش


اسلام آباد: ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ڈالنے کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کے لیے وزارت داخلہ نے سفارشات تیار کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نےای سی ایل میں نام ڈالنے کے حوالے سے اہم تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کی  سفارشات کا حتمی جائزہ قائمہ کمیٹی لے گی۔

ہم نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے تیارکردہ سفارشات کے تحت ٹرائل کورٹ یا عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر ہی کسی بھی شخص کا نام  ای سی ایل میں شامل ہوسکے گا۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ  سفارشات میں ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اختیار سیکریٹری داخلہ کو دینے کی تجویزدی گئی ہے۔ اس سے قبل ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اختیار اس سے قبل مجاز اتھارٹی کو حاصل تھا اور کبھی کابینہ اور کبھی عدلیہ کو مجاز اتھارٹی تسلیم کیا جاتا تھا۔

سفارشات میں لفظ ’مجاز اتھارٹی‘ کو تبدیل کرکے سیکریٹری داخلہ لکھنے کی بھی تجویز دی گئی ہے جبکہ  سفارشات کے تحت کسی بھی شخص کا نام چھان بین اور تحقیقات کی سطح پر ای سی ایل میں نہیں ڈالا جاسکے گا۔

ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ اس بات کی بھی سفارش کی گئی ہے کہ تین سال سے ای سی ایل میں شامل نام نکالے جائیں لیکن اسیے افراد جن کے لیےعدالتی حکم موجود نہیں ہوگا۔

وفاقی وزارت داخلہ نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ کسی شخص کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے قبل متعلقہ فرد کو سات دن قبل آگاہ کرنا لازمی قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں