مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم قابل تشویش ہیں، پاکستان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان کی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مقبوضہ کشمیرمیں معصوم کشمیریوں کی شہادت پرسخت  تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ وادی میں انسانیت سوزمظالم ڈھا رہی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں پلوامہ میں حاملہ خاتون کی شہادت ہوئی جس کے 15 گھنٹے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق پلوامہ میں کرفیونافذ ہے، انٹرنیٹ سروس معطل ہے اورکشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں عالمی برادری کی توجہ کلگام کی جانب بھی مبذول کرائی ہے جہاں نو معصوم کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔

ترجمان کے مطابق اتوار کا دن کلگام کے حوالے سے خون آشوب ثابت ہوا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ آج بھی کئی بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی قابض افواج کو کشمیریوں کی نسل کشی کا لائسنس ملا ہوا ہے۔

بھارت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو شہید کرنے پر ہندوستانی فوجیوں کو ترقی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سوچی سمجھی سازش ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی ادارے مقبوضہ وادی میں حالیہ واقعات کا نوٹس لیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی نے مزید آٹھ کشمیریوں کی جان لے لی ہے جب کہ 35 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ معصوم کشمیریوں کی شہادت بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہوئی ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ  کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو لارو گاؤں میں سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں بھارت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے۔

بھارتی قابض افواج نے مظاہرین پر فائرنگ کردی جس سے متعدد کشمیری شدید زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے کرفیو لگانے کے بعد انٹرنیٹ اور فون سروس بھی معطل کر دی۔

قابض بھارتی افواج نے گزشتہ کافی عرصے سے یہ طریقہ اپنا رکھا ہے کہ وہ علاقے کا محاصرہ کرکے نہتے اور معصوم کشمیریوں کو شہید کرتی ہے اور دنیا کو حقائق سے بے خبر رکھنے کے لیے انٹرنیٹ اورموبائل فون سروسز بھی بند کردیتی ہے۔


متعلقہ خبریں