طورخم سرحد آمدورفت کے لیے بحال


پشاور: پاکستان سے ملحقہ طورخم سرحد اتوار کو ہر قسم کی آمد ورفت اور دو طرفہ تجارت کے لیے بحال کر دی گئی۔ افغانستان میں انتخابات کے موقع پرسرحد کو دو دن کے لیے بند کیا گیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق طورخم پہ موجود انتظامی افسر نے بتایا کہ سرحد کھلنے کے ساتھ ہی آمد و رفت اور دو طرفہ تجارت معمول پرآنا شروع ہوگئی ہے۔ طورخم کی بندش کے باعث گزشتہ دو دنوں میں سرحد کے اطراف سینکڑوں افراد جمع تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان و افغانستان میں انتخابات اور مذہبی تہواروں سمیت دیگر اہم مواقوں پر سرحدی گزرگاہیں بند کردی جاتی ہیں جبکہ سرحدی بندش سے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں سمیت دیگرمتعلقہ افراد کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

طورخم بارڈر بند ہونے سے تاجروں کے مطابق دونوں اطراف ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا جو ایک ملک سے دوسرے ملک برآمد یا درآمد کی جاتی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارکیٹ میں انگور، انار اور سیب کی قیمتوں میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں