ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عہدے سے مستعفی

ایچ ای سی کے ایکزیکیٹو ڈائیریکٹر عہدے سے مستعفی|humnews.pk

اسلام آباد: ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرارشد پر مقالہ جات میں نقل کا الزام تھا اور اس حوالے سے تشکیل دیئے گئے کمیشن کا دو روزہ اجلاس بھی منعقد ہوا تھا۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق نوری کل اس معاملے پر پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

ڈاکٹر ارشد کے مقالے میں نقل کی خبر پہلی مرتبہ 28 دسمبر 2018 کو پرنٹ میڈیا میں نشر ہوئی تھی جس کے بعد اس وقت کے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے معاملے کی جانچ پڑتال کے لیے ایک الگ کمیٹی قائم کی تھی۔

کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ ڈاکٹر ارشد نے اپنے مقالے میں 50 فیصد سے زائد مواد ایک دوسرے مصنف سے نقل کیا ہے۔

ڈاکٹرارشد کا مقالہ ’آ ٹیکسونومی اینڈ سروے آف گرڈ ریسورس پلاننگ اینڈ ریسرویشن سسٹمز فار گرڈ اینے بلڈ انے لیسس انوائیرومنٹ‘ جو جولائی 2004 میں شائع ہوا تھا، تقریبا اصل کی ہی نقل ہے۔

اصل مقالہ فروری 2004 میں امریکہ میں واقع ٹیکسس آسٹن یونیورسٹی کے پروفیسر چیتنیا کنداگالتا نے لکھا تھا۔

کمیٹی نے دسمبر2017 سے اپریل 2018 تک معاملے کی تحقیقات کیں اوراس نتیجے پر پہنچے کہ ڈاکٹر ارشد کے 20 سے زائد مقالوں میں نقل کی گئی تھی تاہم کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر ارشد پر جرم ثابت ہوجانے کے بعد بھی اب تک ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔


متعلقہ خبریں