ڈی جی خان میں ٹریفک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی


ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں تیز رفتار مسافر بسوں میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

ڈی جی خان کے ضلعی اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر گل حسن شاہ نے کہا کہ ٹریفک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے چار افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے جب کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دونوں مسافر بسوں کے ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 12 افراد کا تعلق ملتان کے علاقے پل باراں سے ہے جب کہ دو افراد کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی لاشوں کو سرکاری ایمبولینسز کے ذریعے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر، پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تھیں جب کہ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی تھیں۔

تاہم عینی شاہدین کے مطابق دونوں بسوں کے درمیان حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔


متعلقہ خبریں