نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز، رجسٹریشن سینٹرز پر عوام پر رش



اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی ریگولیٹری باڈی بنائی جائے گی جو تمام معاملات کا جائزہ لے گی۔

وفاقی دارالحکومت میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے کاؤنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ یہ وہ اقدام ہے جس کے لیے پاکستانی ترس رہے تھے، جہاں بنیادی ضروریات زندگی حاصل کرنا مشکل ہو وہاں گھر بنانا معجزہ ہے، لیکن اس معجزے کی تکمیل کا نام نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر ساتھ چلیں گے اور پوری قوم اس میں شامل ہو گی، انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ حکومتی اقدامات پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں۔

وزیر مملکت کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ریاست پاکستان عوام کی عزت اور حق حلال سے کمائی گئی ایک ایک پائی کی محافظ ہے اور حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ ریاست اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آپ کو عزت ملے اور ہر مرحلے پر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان صرف رولنگ ایلیٹ کا نہیں ہے بلکہ پاکستان تمام طبقات کا ہے۔ یہاں ایک عام شہری کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے کسی بااثر شخص کے لیے ہیں۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور جس کے تکمیل کے لیے اللہ نے قائد اعظم کو ذریعہ بنایا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ، فیصل آباد


صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے فیصل آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کیا، میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہے اور ہم مرحلہ وار عوام کو فراہم کریں گے۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ، گلگت

گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب ڈی سی آفس گلگت میں منقعد کی گئی تھی۔

تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں 12 ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے، اس فیز میں  گلگت بلتستان کے 7 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر گھر بنا کر دیں گے اور اپنے وعدوں کی تکمیل کریں گے۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ، سکھر

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سکھر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر امیر بخش سمیت حلیم عادل شیخ، کمشنر سکھر رفیق میمن اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔


متعلقہ خبریں